سورج کی تیز کرنوں کے باعث لاہور میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ فضائی آلودگی بھی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے۔ شہر میں تقریباً 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ماہرین کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ آئندہ چند روز میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 424 تک جا پہنچی ہے جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح بھی تشویشناک رہی، جن میں چمن پارک میں 590، گلبرگ ٹو میں 571، ماڈل ٹاؤن میں 565 جبکہ کینٹ کے علاقے میں 329 ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 324، اقبال ٹاؤن میں 320، برکی روڈ پر 281 اور بیدیاں روڈ پر 278 کی شرح ریکارڈ کی گئی۔