فیفا ورلڈ کپ: جشن مناتے ہوئے انگلینڈ کے اہم کھلاڑی زخمی، کوارٹر فائنل سے قبل تشویش

فیفا ورلڈ کپ: جشن مناتے ہوئے انگلینڈ کے اہم کھلاڑی زخمی، کوارٹر فائنل سے قبل تشویش

انگلینڈ کے تجربہ کار مڈفیلڈر جارڈن ہینڈرسن میکسیکو کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ڈرامائی فتح کے بعد جشن مناتے ہوئے زخمی ہو گئے، جس سے انگلش ٹیم کو کوارٹر فائنل سے قبل بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

انگلینڈ کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخل نے ہینڈرسن کی انجری کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑی کی کلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور ان کی مکمل طبی جانچ جاری ہے۔رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کی 3-2 کی سنسنی خیز کامیابی کے بعد ہینڈرسن جشن کے دوران اشتہاری بورڈ پھلانگتے ہوئے گر پڑے، جس کے نتیجے میں ان کی کلائی زخمی ہو گئی۔واقعے کے فوراً بعد طبی عملہ میدان میں پہنچا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہینڈرسن کو اسٹریچر پر میدان سے باہر منتقل کیا گیا، جبکہ مزید معائنے اور علاج کے لیے انہیں اسپتال لے جایا گیا۔میچ کے بعد تھامس ٹوخل نے بتایا کہ ابتدائی معائنے سے انجری سنجیدہ نوعیت کی معلوم ہوتی ہے، جو ٹیم کی فتح کی خوشیوں کے دوران ایک غیر متوقع دھچکا ہے۔

 ان کے مطابق ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہینڈرسن کا علاج جاری ہے اور مزید ٹیسٹوں کے بعد ہی ان کی واپسی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔36 سالہ جارڈن ہینڈرسن کو رواں ورلڈ کپ میں محدود مواقع ملے ہیں اور وہ اب تک صرف پاناما کے خلاف گروپ مرحلے کے میچ میں مختصر وقت کے لیے میدان میں اترے تھے۔واضح رہے کہ انگلینڈ کو پہلے ہی ریس جیمز کی انجری اور جیرل کوانسا کی ریڈ کارڈ کے باعث معطلی کا سامنا ہے۔ ایسے میں ناروے کے خلاف کوارٹر فائنل سے قبل ہینڈرسن کی انجری ٹیم کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔