لاہور میں بسنت کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں سے پہنچنے کی وجہ سے فضائی اور دیگر سفر کے انتظامات پر شدید دباؤ پیدا ہوگیا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی، دبئی، شارجہ اور قطر سے لاہور آنے والی تقریباً تمام پروازیں فل ہو چکی ہیں، جبکہ کراچی سے آنے والی پروازیں، بشمول پی آئی اے اور دیگر ایئرلائنز، اوورلوڈ ہو گئی ہیں۔ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی بیشتر پروازیں پہلے ہی مکمل طور پر بک ہو چکی ہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔فضائی کرایوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، خاص طور پر کراچی سے لاہور آنے والی پروازوں کے کرایے 5 سے 10 ہزار روپے تک بڑھ گئے ہیں، جس پر مسافر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔اسی طرح بسنت کی تقریبات کے لیے درکار سامان بھی مہنگا ہوگیا ہے۔
شہریوں نے بتایا کہ باربی کیو کا سامان، کوئلہ اور لکڑیاں مہنگی ہو چکی ہیں اور کئی اشیاء عام لوگوں کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔شہریوں نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بسنت کے جشن کی خوشیاں ہیں، تو دوسری طرف بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے جشن منانا مشکل ہو گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جشن کا لطف تو چاہیے، لیکن بڑھتی قیمتیں اسے مشکل بنا رہی ہیں، جس سے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایسے حالات میں بسنت کیسے محفوظ اور خوشگوار طریقے سے منائی جائے۔