ہر آنسو پر پابندی اور ہر دھڑکن پر خوف ، سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ کیسا انصاف ہے
یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھنا پوری کشمیری قوم کو سزا دینے کے مترادف ہے
راولپنڈی(آئی این پی )حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہکشمیر صرف ایک سیاسی تنازع نہیں بلکہ دنیا کا ایک خطرناک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے۔یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ویڈیو پیغام میں مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر کے حریت رہنما محمد یاسین ملک اس وقت ڈیتھ سیل میں قید ہیں ۔ مودی سرکار انہیں پھانسی پر چڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ کسی ایک خاندان تک محدود نہیں بلکہ پوری کشمیری قوم کو خاموش کرانے کی کوشش ہے، جہاں امن اور آزادی کی آواز کو جرم بنا دیا گیا ہے۔مشعال ملک نے سوال اٹھایا کہ کیا ظلم کے سائے میں امن ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھنا پوری کشمیری قوم کو سزا دینے کے مترادف ہے ۔ مودی سرکار کشمیری قیادت کو پھانسی دے کر آواز دبانا چاہتی ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ امن اور آزادی کا مطالبہ کرنا کشمیریوں کیلئے جرم بن چکا ہے۔ دنیا خاموش ہے اور کشمیر میں دہشت گردی کھلے عام ہو رہی ہے۔ ہر آنسو پر پابندی اور ہر دھڑکن پر خوف مسلط ہے۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ کیسا انصاف ہے۔