کوئی شک نہیں کشمیر ایک دن آزاد ہو گا ‘10 جنگیں لڑنے کو تیار ہیں آرمی چیف

 پاک فوج  قوم کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں پوری قوت کے ساتھ مصروف  ہے ،کسی بھی جارحیت کا جواب بغیر کسی تاخیر کے دیا جائے گا ، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا 
کشمیر میں انٹرنیٹ کی سہولیات کو بہتر بنائیں گے ‘آئی ٹی سیکٹر میں  نوجوانوں کیلئے روزگار پیدا کریں گے:کشمیری عمائدین سے خطاب‘ آرمی چیف نے  شہدا ء کی  یادگار پر پھول چڑھائے ، بے مثال قربانیوں پر خراج عقیدت

راولپنڈی (آن لائن‘آئی این پی )پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے بھارت کو واضح اور دوٹوک پیغام میں کہا ہے  کشمیر کی خاطر تین جنگیںلڑی ہیں اور اگر 10 مزید بھی لڑنا پڑیں تو لڑیں گے ، ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کی بنیاد پر اللہ  کا گروہ ہی ہمیشہ غالب رہے گا۔پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ترجمان (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے  دورہ مظفر آباد کے دوران کشمیری عمائدین اور ویٹرنز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر اور پاکستان کا  رشتہ لازم و ملزوم ہے، کشمیر کل بھی اور آج بھی پاکستان کا حصہ تھا اور رہے گا،آزادی کی شمع، کشمیریوں کی ایک پیڑھی دوسری پیڑھی کے حوالے کرتی چلی آ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر ہم متحد اور مضبوط رہیں  تو ہم ہر مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے کشمیر کی سر زمین کو قدرتی حسن اور وسائل سے نوازا ہے، آج، کل یا پرسوں یا تھوڑے عرصے  تک  مقبوضہ کشمیر میں زیادتی کر سکتے ہو مگر ہمیشہ کے لئے نہیں،کشمیر کا فیصلہ کشمیر کی عوام نے کرنا ہے کشمیر میں انٹرنیٹ کی سہولیات کو بہتر بنائیں گے اور آئی ٹی سیکٹر میں یوتھ کے لیے روزگار پیدا کریں گے،آرمی چیف نے کہا  پاک فوج  قوم کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں پوری قوت کے ساتھ مصروف ہیں، کسی بھی جارحیت کا جواب بغیر کسی تاخیر کے دیا جائے گا ، اس میں کوئی شک نہیں کہ کشمیر ایک دن آزاد ہو گا اور کشمیری عوام کی مرضی اور تقدیر کے مطابق پاکستان کا حصہ بنے گا، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور بھارتی جبر و استبداد کے خلاف ان کے جائز اور حق پر مبنی مقصد کی حمایت کرے گا۔   سپہ سالار نے   شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر یادگار پر پہنچ کر شہدا کے یادگار پر پھول چڑھائے