دروازے پر ملاقاتیوں کی جامع تلاشی بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹ ہوگی
لاہور(کرائم رپورٹر) محکمہ داخلہ نے جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے اصول و ضوابط جاری کر دئیے ۔ ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا قیدیوں کی عزیز و اقارب اور لیگل کونسل سے ملاقات جیل قواعد کے مطابق ہو گی،ملاقات کا شیڈول مین گیٹ اور انتظار گاہ میں آویزاں ہوگا۔ مرکزی دروازے پر ملاقاتیوں کی جامع تلاشی بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹ ہوگی جبکہ خواتین ملاقاتیوں کی تلاشی کیلئے لیڈی سٹاف مامور ہوگا۔ جیل انتظامیہ ہر ملاقاتی کی مکمل تفصیل پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم یا رجسٹر میں درج کرنے کی پابند ہوگی۔ نوعمر قیدیوں کی ملاقات صرف خونی رشتہ داروں اور خواتین قیدیوں کی ملاقات خونی رشتہ داروں اور شوہر سے کر ائی جائے گی۔