جنگ میں پاکستانیوں کی شمولیت کا الزام مسترد،یوکرین سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ

یوکرینی حکام نے اپنے دعوے کے حوالے سے کوئی قابل تصدیق ثبوت فراہم نہیں کئے اور نہ ہی باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے:دفترخارجہ
پاکستان  یواین  چارٹر کے اصولوں کے مطابق مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازع کے پرامن حل کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے: ترجمان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا یوکرین روس جنگ میں پاکستانیوں کی شرکت کا الزام مسترد کرتے ہوئے یوکرین سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے  یوکرینی حکام نے اپنے دعوے کے حوالے سے کوئی قابل تصدیق ثبوت فراہم نہیں کیے اور نہ ہی باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے، یوکرین کے حکام سے اس معاملے پر وضاحت طلب کی جائے گی۔وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ یوکرین کے تنازع میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، حکومت پاکستان یہ معاملہ یوکرینی حکام کے ساتھ اٹھائے گی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے یوکرین تنازع کے پرامن حل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔