میسی کی ریٹائرمنٹ کے بعد نمبر 10 شرٹ مستقل ریٹائر کیوں نہیں ہوسکے گی؟

میسی کی ریٹائرمنٹ کے بعد نمبر 10 شرٹ مستقل ریٹائر کیوں نہیں ہوسکے گی؟

ارجنٹینا کے لیجنڈ فٹبالر لیونل میسی نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، تاہم ان کی مشہور نمبر 10 شرٹ کو مستقل طور پر ریٹائر کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر کلاڈیو تاپیا نے 2024 میں کہا تھا کہ میسی کے قومی ٹیم سے الگ ہونے کے بعد نمبر 10 شرٹ کو ریٹائر کردیا جائے گا، تاہم فیفا کے قوانین اس فیصلے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔فیفا کے قوانین کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو ایک سے 26 تک شرٹ نمبرز الاٹ کیے جاتے ہیں۔ چونکہ اسکواڈ میں زیادہ سے زیادہ 26 کھلاڑی شامل ہوسکتے ہیں، اس لیے بڑے ٹورنامنٹس کے دوران نمبر 10 کو مستقل طور پر خالی رکھنا ممکن نہیں۔ارجنٹینا اس سے قبل بھی لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی نمبر 10 شرٹ ریٹائر کرنے کی کوشش کرچکا ہے، تاہم 2002 کے ورلڈ کپ سے قبل فیفا نے اس کی اجازت نہیں دی تھی اور ایریل اورٹیگا نے نمبر 10 شرٹ پہنی تھی۔یوں میسی کے بعد بھی ارجنٹینا کی قومی ٹیم میں کسی نہ کسی کھلاڑی کو تاریخی نمبر 10 شرٹ پہننا ہوگی۔ تاہم میسی کی شاندار میراث اور ارجنٹائن فٹبال کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔