لاہور میں متعدد علاقے زیرآب ، رائے ونڈ میں اشرف دم توڑ گیا ، بیوی ، بیٹا ، بیٹی زخمی
لاہور ،اسلا م آباد،پشاور(کرائم رپورٹر،بیورو رپورٹ )اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے کئی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ پھر تیز بارش ،لاہور کے مختلف علاقوں اور اہم شاہراہوں پر کئی فٹ پانی جمع،متعدد نشیبی علاقے زیر ِ آب آ گئے، بیشتر علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان ہے،رائیونڈ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے ،۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جڑواں شہروں میں ایک بار پھر وقفہ وقفہ سے بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ لاہور میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش سے جوہر ٹائون ، ایس ڈی او آفس سے ملحقہ علاقے اور ایکسپو سینٹر و ایمپوریم مال کے اطراف کی سڑکیں زیرِ آب آ گئیں اور وہاں کھڑی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، اسی طرح پی آئی اے روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی روانی شدید متاثر ہوئی اور ٹریفک سست روی کا شکار ہو گئی۔ دوسری جانب شوکت خانم روڈ پر درخت گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے سندھ،جہلم،چناب، راوی کے اہم کیچمنٹ ایریاز میں پانی کے اضافے کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانولہ، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،پنجاب کے بیشتر دریائوں چناب،جہلم ،راوی اور ستلج میں پانی کا بہائو نارمل ہے ،تاہم نالہ ڈیگ کنگرا میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 78 فیصد بھر چکا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق راول ڈیم میں پانی کا لیول 1751.40 فٹ پر پہنچ چکا جس کے باعث راول ڈیم کے سپل ویز کھول دیئے گئے ہیں، کورنگ نالہ میں پانی کے بہا ئومیں اضافہ متوقع ہے ،ملحقہ رہائشی آبادیوں کے مکین محتاط رہیں۔ ادھر پختونخوا کے ضلع شانگلہ سمیت دیگربالائی پہاڑی اور میدانی علاقوں میں چوتھے روز بارش کے بعد مختلف مقامات پر ڑالہ باری بھی ہوئی جس کے باعث وہاں سردی شروع ہوگئی،جس پر چرواہوں نے اپنے مال مویشیوں کو گرم میدانی علاقوں کی جانب منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بارشوں کے موجودہ سلسلے کے آئندہ دو روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ادھر الپوری اور گردونواح میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی کے متعدد فیڈرز بند کردیئے گئے جس کے باعث گزشتہ رات وادی کے بیشتر علاقے مکمل طور پر اندھیرے میں ڈوبے رہے ۔بارش کے باعث شانگلہ کے مقامی ندی نالوں اور دریائوں میں پانی کی سطح بھی بلند ہوگئی ،متعلقہ حکام نے مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اشرف کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کی بیوی فوزیہ، بیٹا عثمان اور بیٹی خدیجہ زخمی ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے ریسکیو کے مطابق مکان کی چھت خستہ حالی کے باعث گری۔