سندھ 5کروڑ مویشیوں کیساتھ دوسرے، خیبرپختونخوا تیسرے نمبر پر آگیا، ملک میں 25کروڑ 13لاکھ ریکارڈ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)پنجاب ملک کے مویشیوں کی تعداد کے حوالے سے 10 کروڑ 40 لاکھ سے زائد جانوروں کے ساتھ صوبوں میں سرفہرست ہے۔ پاکستان بیورو آف سٹیٹس ٹک(پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں ملک بھر میں مویشیوں کی تعداد25 کروڑ 13 لاکھ ریکارڈ کی گئی جس میں پنجاب کا سب سے بڑا حصہ 10 کروڑ 42 لاکھ ہے۔2006 سے 2024 کے درمیان پنجاب میں مویشیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا جس نے اس شعبے میں صوبے کی حیثیت کو قائد کے طور پر مزید مضبوط کیا۔ پنجاب میں گائے، بھینس، گھوڑے اور گدھوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ سندھ 4 کروڑ 99 لاکھ 66 ہزار جانوروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جن میں 13 لاکھ 45 ہزار 800 بھینسیں، 11 لاکھ 20 ہزار 600 گائے، ایک کروڑ 90 لاکھ 13 ہزار بکریاں اور 47 لاکھ 42 ہزار بھیڑیں شامل ہیں۔خیبر پختونخوا نے 4 کروڑ 87 لاکھ جانور رپورٹ کئے جن میں 2 کروڑ 24 لاکھ 92 ہزار بکریاں شامل ہیں جو صوبوں میں سب سے زیادہ ہیں۔ بلوچستان میں 4 کروڑ 79 لاکھ جانور ہیں جن میں ایک کروڑ 88 لاکھ بھیڑیں، 2 کروڑ 29 لاکھ بکریاں اور 7 لاکھ 72 ہزار اونٹ شامل ہیں۔ پہلی مرتبہ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کو علیحدہ شمار کیا گیا جو پہلے پنجاب کے ساتھ شامل تھا اور یہاں مویشیوں کی آبادی مجموعی قومی تعداد میں صرف 36 ہزار ریکارڈ کی گئی۔