ریاض: سعودی عرب میں منعقدہ بین الاقوامی سعودی فالکنز اینڈ ہنٹنگ نمائش کے افتتاحی نیلام میں منگولیا کے دو شکاری باز مجموعی طور پر 5 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال میں فروخت ہوگئے، جن کی مالیت تقریباً ایک لاکھ 47 ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے۔
نیلام میں ایک کم عمر شکاری باز 1 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال میں فروخت ہوا، جبکہ ایک بالغ باز کے لیے خریدار نے 4 لاکھ سعودی ریال ادا کیے۔نمائش میں مسلسل دوسری مرتبہ منگولین بازوں کے لیے خصوصی سیکشن قائم کیا گیا ہے، جہاں ان کی جسامت، مضبوط اور پھیلے ہوئے پر اور طویل پرواز کی صلاحیت کے باعث سعودی فالکنرز کی جانب سے خاص دلچسپی دیکھی جارہی ہے۔ماہرین کے مطابق منگولین ساکر فالکن سخت موسمی حالات میں زندہ رہنے، تربیت کا بہتر ردعمل دینے اور شکار کے دوران غیر معمولی برداشت کی صلاحیت کے باعث خطے میں انتہائی قیمتی سمجھے جاتے ہیں۔ بازوں کے پروں اور جسم کے رنگوں میں موجود فرق بھی نیلامی کے دوران ان کی قیمت پر اثر انداز ہوتا ہے۔
نیلامی سے قبل شرکاء کو بازوں کا قریب سے جائزہ لینے کا موقع بھی فراہم کیا گیا، جبکہ نمائش میں سعودی عرب سمیت مختلف ممالک سے فالکنری کے شوقین افراد اور ماہرین نے شرکت کی۔سعودی عرب اور منگولیا کے درمیان شکاری بازوں کی تجارت کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ 1990 کی دہائی سے منگولین ساکر فالکن سعودی عرب کی منڈی میں پہنچتے رہے ہیں، جبکہ 1997 میں سعودی عرب نے منگولیا سے 116 باز درآمد کیے تھے۔