بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں اپنی بیٹنگ کے علاوہ میدان میں ایک دلچسپ شرارت کے باعث بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
ان کی جانب سے کیوی بیٹر گلین فلپس کے ساتھ کیا گیا مذاق سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ کے دوران 15ویں اوور میں نیوزی لینڈ کے بیٹر گلین فلپس بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تو اسی وقت پس منظر میں معروف ریسلر جان سینا کا مشہور انٹری میوزک بجنے لگا۔موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ویرات کوہلی نے دور سے گلین فلپس کی جانب دیکھا اور جان سینا کے مشہور انداز ’یو کینٹ سی می‘ (You Can't See Me) کا اشارہ کیا۔ کوہلی کا یہ انداز دیکھ کر میدان میں موجود شائقین اور کرکٹ مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھ گئی۔
دلچسپ بات یہ رہی کہ کوہلی بعد میں خود گلین فلپس کے قریب پہنچے اور ایک مرتبہ پھر یہی اشارہ دہرایا، تاہم فلپس اس دوران اپنے ساتھی کھلاڑی سے گفتگو میں مصروف رہے اور انہوں نے بظاہر کوہلی کی شرارت کو نظر انداز کردیا۔میچ کے دوران پیش آنے والے اس دلچسپ لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر مداحوں کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔ کرکٹ شائقین کوہلی کے اس دوستانہ اور مزاحیہ انداز کو خوب پسند کررہے ہیں۔