الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار ، جے یو آئی کیخلاف وفاقی آئینی عدالت کا حکم آگیا

الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار ، جے یو آئی کیخلاف وفاقی آئینی عدالت کا حکم آگیا

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی مخصوص نشست سے متعلق اپیل خارج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

کیس کی سماعت چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران جے یو آئی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جماعت نے مخصوص نشستوں کے لیے چار امیدواروں کے نام الیکشن کمیشن کو فراہم کیے تھے، تاہم الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں کے لیے جمع کرائی گئی فہرست میں اپنی طرف سے تبدیلی نہیں کرسکتا۔وکیل جے یو آئی نے عدالت کو بتایا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا ایک منفرد کیس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت کا مؤقف ہے کہ صدف احسان اس کی امیدوار نہیں ہیں، لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں ہی جے یو آئی کی امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ اگر سیاسی جماعت کی جانب سے امیدواروں کی فہرست میں کوئی غلطی یا کمی رہ گئی تھی تو الیکشن کمیشن اس کی درستگی کے لیے جماعت سے رجوع کرسکتا تھا، تاہم فہرست میں خود سے تبدیلی کرنا درست نہیں۔