عازمینِ حج، بزرگ شہریوں کے لیے تیز ترین امیگریشن اور بہترین سہولیات کو یقینی بنایا جائے:ڈی جی
لاہور(خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے حج آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے لاہور ائیرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے روڈ ٹو مکہ آپریشن اور امیگریشن سروسز کی فراہمی کا معائنہ کیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے عملے کو ہدایت کی کہ عازمینِ حج، بالخصوص بزرگ شہریوں کے لیے تیز ترین امیگریشن اور بہترین سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے لاہور ائیرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹرز اور مسافروں کی جانچ پڑتال کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 33 حج پروازوں کے ذریعے 7 ہزار سے زائد مسافروں کی کامیاب امیگریشن مکمل کی جا چکی ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے خود بھی عازمین سے گفتگو کی، جنہوں نے فراہم کردہ سروسز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ حج پروازوں کے دوران مسافروں کو سہولیات فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔