لاہور (کرائم رپورٹر )سابق وزیر اعلی ٰ پرویز الٰہی کے خلاف مقدمات کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دی گئی۔ پرویز الٰہی پر پنجاب بھر میں 32 مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے پرویز الٰہی کے وکیل کو رپورٹ پر دلائل کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی۔ جسٹس طارق ندیم نے پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں پنجاب بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات کی استدعا کی گئی تھی۔ پرویز الٰہی پر 9 مئی مقدمات سمیت لاہور میں 15 مقدمات درج ہیں جبکہ راولپنڈی میں 9 مئی کے 11 مقدمات درج ہیں، 4 مقدمات فیصل آباد، ایک اٹک میں اور ایک گوجرانوالہ میں درج ہے۔دوسری جانب اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔