لاہور میں 3 مقامات پر آتشزدگی

لاہور (کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے تین الگ الگ واقعات پیش آئے جن پر ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق پہلا واقعہ نشتر کالونی کے علاقے صوفیہ آباد، فیروزپور روڈ پر واقع ارمکو پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک گھر کی بالائی منزل پر پڑے سامان میں آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور فائر وہیکلز موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا۔ دوسرا واقعہ لوہاری گیٹ والڈ سٹی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک دکان کی بالائی منزل پر موجود سامان میں آگ لگ گئی۔ ریسکیو فائر فائٹرز نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ اسی دوران مدینہ کالونی، کھجور والا چوک کے قریب ایک گھر کے کمرے میں موجود سامان میں بھی آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی مکمل کی۔ ریسکیو حکام کے مطابق تمام مقامات پر آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔