لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی ڈولفن بلال احمد نے ماہ مئی کی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن اور پی آر یو نے ایمرجنسی 15 پر موصول ہونے والی 231 کالز پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو ریسکیو کیا، جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر 15 کی کالز پر ریسپانس ٹائم کا جائزہ لیا گیا جس کے دوران اوسط ریسپانس ٹائم 5 سے 7 منٹ ریکارڈ کیا گیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے بتایا کہ ماہ مئی کے دوران ڈولفن سکواڈ نے 49 اشتہاریوں، 17 عدالتی مفروران اور مجموعی طور پر 300 عادی ملزمان کو گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ 4 خطرناک ڈکیت گینگز کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا جبکہ سٹریٹ کرائم میں ملوث مزید 456 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ناجائز اسلحہ کے خلاف جاری مہم کے دوران 2 پسٹل، گولیاں اور میگزینز برآمد کیے گئے۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 46 بوتل شراب، 9 بیئر کین، حقہ شیشہ، چرس، آئس اور ہیروئن برآمد کی گئی۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 15 کی کالز پر بروقت ریسپانس کرتے ہوئے 7 نوسربازوں اور چوروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ماہ مئی کے دوران سٹاپ اینڈ سرچ آپریشنز میں 627,664 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں جبکہ 708,956 افراد کو چیک کیا گیا۔ اسی دوران 4 جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈائون میں 34 ون ویلرز کو گرفتار کیا گیا، جبکہ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف نوعیت کے 117 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کا کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مئوثر انداز میں برسرِ پیکار ہیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔