ننکانہ عوام کا گورنر پنجاب کا راستہ روک کر شاندار استقبال

گورنرسردار سلیم حیدر خان عوام میں گھل مل گئے، مسائل کے حل کی یقین دہانی
لاہور(آن لائن) فیصل آباد سے اسلام آباد جاتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا قافلہ ننکانہ صاحب پہنچا تو شہریوں نے ان کا راستہ روک کر شاندار استقبال کیا۔ عوام نے ’’عوامی گورنر پنجاب‘‘ کے نعرے لگائے جس پر گورنرسردار سلیم حیدر خان بڑی تعداد میں موجود شہریوں کو دیکھ کر اپنی گاڑی سے باہر آگئے اور لوگوں میں گھل مل گئے۔شہریوں نے گورنر پنجاب کو ننکانہ صاحب کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا جن میں مقامی ترقیاتی منصوبے، بلدیاتی مسائل اور بنیادی سہولیات کی کمی شامل تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ ننکانہ کے عوام کی محبت کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، ننکانہ صاحب ایک تاریخی اور اہم شہر ہے جہاں کے عوام نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں شہری پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کر کامیاب کریں تاکہ علاقے کے مسائل فوری حل کیے جاسکیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پیپلز پارٹی ہی ملک کی سب سے باشعور اور حقیقی عوامی جماعت ہے، اور بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے آنے والے وزیراعظم ہوں گے۔