اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کا تشدد کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار، لڑائی فوری رو کنے کامطالبہ
دمشق ( آئی این پی ) شام میں سرکاری فوج کے اعلان کیا ہے کہ حماہ کے دیہی علاقے میں زیادہ بڑا فوجی قافلہ داخل ہو گیا ۔ اس کا مقصد محاذوں پر تعینات فوج کی سپورٹ کرنا اور ڈویژن 25 کی کمان اور حماہ شہر کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب شامی فوج ادلب اور حلب کے دیہی علاقوں پر شدید حملے کر رہی ہے۔ ان کارروائیوں میں اسے روسی فضائیہ کی معاونت حاصل ہے۔شامی خبر رساں ا دارے کے مطابق شامی فوج نے حماہ صوبے کی شمالی اور مغربی سرحد پر اپنے دفاع کو مضبوط بنایا ہے جہاں وہ مسلح گروپوں کے ساتھ گھمسان کی لڑائی میں مصروف ہے۔شام میں انسانی حقوق کی رصد گاہ المرصدکے مطابق حماہ کے دیہی علاقے کے شمال اور مغرب میں کئی محاذوں پر جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شمالی شام میں تشدد کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انھوں نے زور دیا کہ لڑائی فوری طور پر روک دی جائے۔