دہلی کو جمنا دریا کے سیلاب سے شدید خطرہ، نشیبی علاقے الرٹ پر

دہلی کو جمنا دریا کے سیلاب سے شدید خطرہ، نشیبی علاقے الرٹ پر

نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت دہلی کو جمنا دریا کے بڑھتے ہوئے پانی اور مسلسل بارشوں کے باعث شدید سیلابی خطرے کا سامنا ہے۔

 محکمہ موسمیات نے دہلی-این سی آر کے لیے آئندہ دو دنوں تک تیز بارش کا یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔دہلی میں گزشتہ روز بھی موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈ جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ شہر کی اہم شاہراہیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں جس کے سبب ٹریفک جام نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ کئی رہائشی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو جانے سے بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں آج بھی دن بھر بادل چھائے رہیں گے اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ بارش کے سبب درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری اور کم سے کم 22 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ اگلے پانچ دن تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دہلی کے ساتھ ساتھ نوئیڈا اور گروگرام میں بھی بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔دہلی کے وسنت وہار، فیروز شاہ روڈ، دہلی-گروگرام بارڈر، ساؤتھ ایکسٹینشن، اکبر روڈ، گیتا کالونی، منٹو برج، آئی ٹی او اور پٹپڑ گنج سمیت کئی علاقوں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

پانی کی بڑھتی ہوئی سطح نے جمنا کے خطرے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ جمنا میں خطرے کا نشان 205.33 میٹر مقرر ہے، جبکہ منگل کی صبح 7 بجے پانی کی سطح 205.75 میٹر ریکارڈ کی گئی۔ کل یہ سطح 204.95 میٹر تھی، تاہم آج شام 5 بجے تک جمنا کی آبی سطح 206.50 میٹر تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔صورتحال مزید تشویشناک اس لیے بھی ہے کہ ہر گھنٹے ہتھنی کنڈ بیراج سے لاکھوں کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں دہلی کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔اس دوران ضلع شاہدرہ کے مجسٹریٹ نے اعلان کیا ہے کہ جمنا کی بڑھتی ہوئی سطح کے باعث 2 ستمبر شام 5 بجے سے لوہا پل پر ٹریفک اور عوامی سرگرمیاں بند کر دی جائیں گی تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔