یومِ استحصال کشمیر آج ، مقبوضہ وادی میں ہڑتال

پاکستان اور آزاد کشمیر میں جلسے جلوس ، ریلیاں نکالی جا رہی ہیں 5 اگست 2019 کے اقدامات کشمیریوں کی شناخت پر حملہ ، حریت کانفرنس
سری نگر ، اسلام آباد،پشاور (خصوصی رپورٹ )آج 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری یوم استحصال کشمیر کے طور پر منائیں گے۔ حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل ہڑتال، سول کرفیو اور احتجاجی مظاہروں کے ذریعے بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو یکسر مسترد کر دیں،مودی حکومت کے اقدامات کشمیریوں کی شناخت پر حملہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت دفعہ 370 اور 35اے کی منسوخی سے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر چکا ۔ادھر آج لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بھرپور احتجاج کیا جائے گا، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ،پاکستان اور آزاد کشمیر میں خصوصی تقریبات، احتجاجی جلسے، جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو کشمیریوں کے ساتھ ظلم کی نئی داستان رقم کی۔خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آج 5 اگست کو صبح 10 بجے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔بلوچستان کے وزیر خوراک حاجی نورمحمد دمڑ نے کہا کہ 5 اگست کا اقدام خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈال کر کشمیریوں کی آزادی کی راہ ہموار کرے۔