بھارت آزاد ملک ہے‘روس سے تیل کی خریداری بند نہیں کرینگے وزارت خارجہ کاامریکہ کو جواب

 روس کے ساتھ ہمارے تعلقات طویل عرصے سے غیر متزلزل اور آزمودہ ہیں ‘انہیں کسی تیسرے ملک کے نظریئے  سے نہیں دیکھا جا سکتا
روس سے سستے داموں پٹرول  کی خریداری عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو متوازن رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی:ترجمان

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر کے مشیر خاص نے بھارت پر الزام عائد کیا تھا وہ پیٹرول کی مسلسل خریداری کرکے یوکرین جنگ میں روس کی مدد کر رہا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایک آزاد ملک ہیں اور روس ہمارا قابل اعتماد ساتھی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ روس کے ساتھ ہمارے تعلقات طویل عرصے سے غیر متزلزل اور آزمودہ ہیں جسے کسی تیسرے ملک کے نظریے سے نہیں دیکھا جا سکتا۔بھارتی وزارت خارجہ کے بیان میں یہ واضح کیا گیا ہے  روس سے تیل کی خریداری ہمارے قومی مفاد ہے اس لیے یہ جاری رہے گی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے  روس سے سستے داموں پیٹرول کی خریداری عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو متوازن رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔