بٹگرام میں زمین کے جھگڑے نے ایک خاندان کے 5 افراد کی جان لے لی

بٹگرام میں زمین کے جھگڑے نے ایک خاندان کے 5 افراد کی جان لے لی

خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کے علاقے ٹکری چھم سیداں میں زمین کے تنازعہ پر جھگڑے کے دوران تصادم میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے، جب کہ چھ افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور ان میں ضیاء اللہ شاہ، شہزاد شاہ، مظفر شاہ اور انور علی شاہ شامل ہیں۔ ضیاء اللہ شاہ، شہزاد شاہ اور مظفر شاہ آپس میں باپ، بیٹا اور بھائی ہیں، جب کہ انور علی شاہ دوسرے گروپ کی طرف سے جھگڑے کے دوران زندگی کی بازی ہار گئے۔زخمیوں میں سے دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے اور بٹگرام پولیس نے علاقے ٹکری چھم سیداں کا کنٹرول سنبھال کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق علاقے میں سوگ کا سماں ہے، اور لواحقین ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پولیس نے حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں بھاری نفری بھی تعینات کر رکھی ہے تاکہ مزید تصادم سے بچا جا سکے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور علاقے میں امن و امان قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔