پاکستان کی ترقی کا راز

فرخ ریاض بٹ 
ہمارے بزرگوں نے پاکستان کے حصول کیلئے اپنے کل اثاثے گھر، مال اور جان قربان کر دی ۔یہاں تک کہ گھروں سے بے گھر ہوئے، ماؤں نے اپنے جگر گوشے نذر کر دیے اور کتنے ہی ہیرے مٹی میں مل گئے ،تاکہ ان کی نسلیں ایک خودمختار اور آزاد وطن کی فضاؤں میں سکھ کا سانس لیں۔ یہ قربانیاں الفاظ کی محتاج ہیں۔بے شک وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کا ایک انمول تحفہ ہے ۔پاکستان کی ترقی کا راز دوسرے ترقی یافتہ ممالک کی ترقی پسند پالیسیوں سے قطعاً مختلف نہیں ہے بلکہ وہی سب اصول اور قانون جن سے ایک قوم عروج حاصل کرتی ہیں، ہم بھی بطور پاکستانی ان ضوابط پر عمل کر کے، پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔تعلیم انسان کا زیور ہے اور ترقی کے زینے کا سب سے پہلا اور بنیادی قدم بھی تعلیم کو حاصل کرنے سے اور تعلیم کو فروغ دینے سے اٹھتا ہے۔ جس میں ہر بچے کو اس کے پس منظر اور حالات سے بالاتر ہو کر تعلیم کا حق دینا حکام کی اولین ذمہ داری ہے۔ ہر بچے کیلئے معیاری تعلیم، تعلیمی اداروں کی بحالی اور اساتذہ کی تربیت ایک کامیاب اور تعلیم یافتہ پاکستان کی ضمانت ہیں۔ نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہمیں تعلیم کا وہ طرز بھی اپنانا چاہیے جو ہمارا دین سکھاتا ہے۔ جس میں علم کے ساتھ ساتھ ہنر سیکھنا بھی انتہائی ضروری ہے کیونکہ ہنرمند افراد کسی بھی ملک کی افرادی قوت میں بہترین بازو کی حیثیت رکھتے ہیں۔ جس کی وجہ سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں بلکہ معیشت اور معاشرت بھی مستحکم ہوتی ہے۔پاکستان چونکہ زرعی ملک ہے اس لیے زراعت پاکستان کی معیشت میں ایک ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتی ہے۔ کسانوں کو جدید زرعی تکنیکوں  سے آراستہ کرنا، ٹیکنالوجی کا استعمال سکھانا اور ان کو ایسی جدید مشینری اور قرضے فراہم کرنا جس سے ان کے کام میں آسانی ہو اور وہ بغیر کسی رکاوٹ کے ملکی ترقی میں حصہ لے سکیں۔
پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ جو پاکستان پر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہیںان میں ہم آہنگی اور استحکام ہو کیونکہ وہ پورے ملک کا نظام چلانے کے علمبردار ہیں اور اس وجہ سے ان اداروں کے حکام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ باکردار، باصلاحیت، اہل اور ملک اور قوم کیسا تھ وفاداری اور اپنے فرائض کو ایمانداری سے پورا کرنے والے ہوں۔ کیونکہ جب حکمران قابل ہوگا تورعایا کا اعتماد اس پر بڑھے گا جس کی وجہ سے جمہوریت مضبوط ہونے کیسا تھ ساتھ ترقی کیلئے سازگار ماحول اور مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستان کی ترقی کا راز بہت سی وجوہات کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ اس پر بھی منحصر ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بدعنوانی کو ختم کرنے کیلئے سخت اقدامات اور شفاف پالیسیوں کا نفاذ کریں۔ اس سے ملکی ترقی کی رفتار تیز ترین ہو جائے گی۔ ملک کے تمام اداروں پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے والا عدالتی نظام بھی شفاف اور منصفانہ ہونا چاہیے۔ طاقت ورکیلئے بھی وہی قانون ہو جو کمزور کیلئے ہے۔پاکستان کو اللہ تعالی نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے اور ان وسائل کا بہترین استعمال کر کے پاکستان کے انفراسٹرکچر جس میں سڑکیں، پل،ریلوے کا نظام ، جدید طرز پربنی عمارتیں، مواصلاتی نظام کو بہتر بنایا جائے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس نوجوانوں کو مواقع دیے جائیں تاکہ وہ اپنے ملک و قوم کی بھلائی کیلئے کام کریں۔اسی طرح صحت کے شعبے میں تمام بنیادی سہولیات اور معیاری ہسپتال فراہم کرنا بھی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کیونکہ صحت مند معاشرہ ہی کسی بھی ملک کی طاقت کا ضامن ہے۔اسی طرح مختلف اداروں اور سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت سے بہت سے معاملات میں ترقی کی رفتار تیز ہو سکتی ہے۔ مردوں کے ساتھ ساتھ جہاں مناسب ہو خواتین کو کاروبار اور ملازمتوں میں شراکت داری کا موقع دیا جائے۔اس کے علاوہ سیاحت کے شعبے کو بھی فروغ دیا جائے کیونکہ اس سے پاکستان کی ثقافت اور خوبصورتی کو دنیا میں نمائندگی کا موقع ملے گا اور نوجوانوں کیلئے عالمی اور بین الاقوامی سطح کے مختلف تعلیمی اور غیر نصابی مقابلہ جات میں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملک اور قوم کا نام روشن کر سکیں اور پاکستان کو دنیا کے صف اول کے ترقی یافتہ ممالک میں کھڑا کر سکیں۔
 آئیے!ہم عہد کرتے ہیں کہ ایک سچا پاکستانی ہونے کے ناطے اس وطن کی محبت کو اپنے ایمان کا حصہ بنا لیں گے، اس کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ،اپنی تاریخی ورثے کی حفاظت کریں گے، اس کے تہذیب و تمدن کا بول بالا کر دیں گے، اپنے وطن کو ہر قسم کے شرپسند عناصر سے محفوظ رکھیں گے اور جو بھی طاقت یا عمل ہمارے ملک کیلئے نقصان دہ ہوگا، ہم اْس کا مردانہ وار مقابلہ کریں گے۔ ہم دل و جان سے پاکستان کی حفاظت کریں گے اور اسے ہمیشہ فخر اور وقار کے ساتھ سربلند رکھیں گے۔ یہی زندہ قوموں کی ترقی کا راز ہے۔