صوبائی وزیر کھیل کی زیرِ صدارت اجلاس، متعدد فیصلے

صوبائی وزیر کھیل کی زیرِ صدارت اجلاس، متعدد فیصلے

لاہور: صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کی زیرِ صدارت پنجاب سپورٹس بورڈ کے ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو کھیلوں سے متعلق پالیسی سازی اور فیصلہ سازی میں براہِ راست شامل کرنے سمیت متعدد اہم اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں ڈی جی سپورٹس محمد طارق قریشی سمیت محکمہ کھیل کے دیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ نوجوان اب کھیلوں کی پالیسی سازی اور فیصلہ سازی میں براہِ راست کردار ادا کریں گے، جبکہ ان کی تجاویز کو پالیسی سازی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کا حصہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایڈوائزری بورڈ کے تمام ارکان کو فیصلہ سازی میں مکمل اختیار حاصل ہوگا اور انہیں محکمہ کھیل کی متعلقہ کمیٹیوں میں بھی شامل کیا جائے گا۔فیصل ایوب کھوکھر کے مطابق پنجاب سپورٹس بورڈ کا ایڈوائزری بورڈ ایک سال کی مدت کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ کالجز اور یونیورسٹیوں میں سپورٹس کوٹے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، جبکہ نجی یونیورسٹیوں میں بھی سپورٹس کوٹہ سسٹم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں طالب علموں اور کھلاڑیوں کی شکایات کے ازالے کے لیے شکایت سیل قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ستمبر سے نومبر تک یوتھ گیمز کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے ذریعے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ سپورٹس سٹی کے قیام کی جانب بھی پیش رفت جاری ہے، جہاں ایک ہی چھت تلے کھیلوں کی تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔