پاکستان نیپال کیلئے ہنگامی امدادی سامان بھیجے گا:وزیراعظم

شہباز شریف کا نیپال کے سفارتخانے کا دورہ، سفیر سے ملاقات‘کتاب میں تاثرات درج کئے
 اسلام آباد  (آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد  کی یاد میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔نیپال کی سفیر ریٹا دھیتال نے وزیراعظم کا سفارتخانے پہنچنے پر استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیپال کی حکومت اور عوام، خصوصاً سانحے میں اپنے پیاروں سے محروم ہونے والے خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں نیپال کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے نیپالی سفیر کو آگاہ کیا کہ  پاکستان رواں ہفتے کے اواخر میں نیپال کے لیے ہنگامی امدادی سامان روانہ کرے گا  تاکہ امداد اور بحالی کی سرگرمیوں میں معاونت کی جا سکے۔نیپال کی سفیر ریٹا دھیتال نے وزیراعظم کے اظہارِ ہمدردی اور یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت کے ہمدردانہ کلمات کو نیپال کے عوام طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔