ویب ڈیسک: ہوٹلوں اور ڈھابوں میں کھانا کھانے کے شوقین افراد کے لیے چونکا دینے والی خبر، بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے لوگوں کو شدید حیرت اور خوف میں مبتلا کر دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈھابے پر کھانے کے دوران ایک ڈش سے مردہ چوہا نکل آیا۔تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع بدایوں کے قصبے بلسی میں پیش آیا، جہاں دو افراد ڈھابے پر کھانا کھا رہے تھے۔ ان کے لیے ایک عام سا کھانا اچانک ڈراؤنے خواب میں بدل گیا جب سبزی کی ڈش میں سے ایک مرا ہوا چوہا برآمد ہوا۔ویڈیو میں واضح طور پر دکھایا گیا ہے کہ کھانے والوں میں سے ایک شخص نے سالن میں چمچ چلایا تو اچانک ڈش کے نیچے چھپا ہوا مرا ہوا چوہا سب کے سامنے آگیا۔ یہ منظر دیکھ کر کھانے والے دونوں افراد حیران اور پریشان رہ گئے۔متاثرہ شخص مہیشوری نے بتایا کہ اس نے فوری طور پر ڈھابہ کے منتظم کو شکایت کی اور خبردار کیا کہ وہ اس واقعے کی اطلاع پولیس کو دے گا۔
واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بلسی کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) پریم پال سنگھ نے کہا کہ انہیں بھی یہ ویڈیو موصول ہوئی ہے اور وہ اس کی جانچ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ابھی تک کوئی تحریری شکایت درج نہیں ہوئی تاہم معاملے کی تفصیلی تحقیقات ضرور کی جائیں گی۔یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگ ہوٹلوں اور ڈھابوں میں کھانے کے معیار اور صفائی کے حوالے سے سخت سوالات اٹھا رہے ہیں۔