اجلاس ماسکو میں ہوگا‘ افغان وزیر خارجہ ملا امیر متقی بھی شریک ہوں گے، پاکستان کی نمائندگی نمائندہ خصوصی محمد صادق کریں گے
سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، منشیات اور مہاجرین کے مسائل پر گفتگو ہوگی،افغانستان کو پہلی بار باضابطہ طور پر رکن ملک خوش آمدید کہا جائیگا
اسلام آباد (آن لائن) سفارتی ذرائع کے مطابق افغانستان کے حوالے سے اہم سفارتی سرگرمیوں کا سلسلہ آئندہ ہفتے روس میں شروع ہوگا۔چہار ملکی اجلاس 6 اکتوبر کو ماسکو میں منعقد ہوگا جس میں پاکستان، ایران، روس اور چین کے نمائندے شریک ہوں گے۔ پاکستان کی نمائندگی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان کریں گے، چین کی نمائندگی خصوصی ایلچی یوی ڑاؤ ینگ، ایران کی جانب سے حسن کاظمی قمی جبکہ روس کی نمائندگی خصوصی ایلچی ضمیر کابلوف کریں گے۔ اجلاس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور علاقائی سیکیورٹی پر تفصیلی غور ہوگا جبکہ انسداد دہشت گردی اور خطے میں تعاون کو بھی زیر بحث لایا جائے گا۔ اجلاس میں سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام اور افغان مہاجرین کے مسائل پر گفتگو ہوگی۔ اجلاس میں افغانستان کو پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر رکن ملک کے طور پر خوش آمدید کہا جائے گا۔ افغان عبوری وزیر خارجہ ملا امیر متقی بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔