سہیل آفریدی بازیابی کیس چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو ارسال، لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا
پشاور (آئی این پی )پشاور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی بازیابی کا معاملہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو ارسال کرتے ہوئے درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی ہے۔۔جسٹس ارشد علی اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سہیل آفریدی کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی‘جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دئیے کہ وزیر اعلی غائب ہیں اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کو ان کے بارے میں تمام معلومات ہونی چاہییں۔ ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اختیار کیا کہ اس سے قبل بھی 3 ایم پی او کے تحت سینکڑوں مقدمات ایسے جمع ہوئے جن میں حکومت سے جواب طلب نہیں کیا گیا تھا۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو جواب جمع کرانے کیلئے وقت دیا گیا تھا، لیکن عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا گیا۔ جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دئیے کہ یہ مفادِ عامہ کا معاملہ ہے اور اگر حکومت کا یہی رویہ رہا تو کیس لارجر بینچ کو بھیج دیا جائے گا۔