عام شہریوں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے: اسحاق ڈار

ریلیف سے متعلق لائحہ عمل طے کرنے کیلئے جماعت اسلامی سے  مشاورت جاری رہے گی:نائب وزیراعظم
لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے:لیاقت بلوچ کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(آن لائن‘یو این پی)نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنے کہا ہے  عالمی معاشی چیلنجز کے باوجود عوامی فلاح و بہبود اور عام شہریوں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے،تمام سیاسی جماعتوں سے مسلسل مکالمہ ضروری ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراور لیاقت بلوچ کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ملاقات میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے عملی اقدامات پر تفصیلی گفتگوہوئی اورکم آمدن والے شہریوں پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ملاقات میں توانائی کی قیمتوں اور عوامی ریلیف سے متعلق لائحہ عمل طے کرنے کے لیے مشاورت آئندہ دنوں میں بھی جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا‘ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا  حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں دونوں فریقوں نے پٹرولیم لیوی کا خاتمہ ناگزیر قرار دیا ہے، جبکہ زرعی شعبے اور 1,000 سی سی گاڑیوں کو ریلیف دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے