مہمند میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ‘ 2 پولیس اہلکار شہید ،ایک زخمی

ضلع  باجوڑ  میں آئی ای ڈی دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ‘ٹانک میں پولیو ورکرز کا اغوا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے: گورنر کے پی 
 پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا  میں دہشت گردی کے تازہ واقعات میں  ضلع  باجوڑ  میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔دوسری جانب  پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح ملزموں نے مہمند کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں پرفائرنگ کی جس سے 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے ملزموں کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی بھی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا‘گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے    ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں4 پولیو ورکرز  کے  اغوا کی مذمت کرتے ہوئیکہا ہے کہ پولیو ورکرز کا اغوا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ جاری بیان میں گورنر کے پی نے کہا کہ  پولیوورکرز بچوں کے محفوظ مستقبل اور صحت مند پاکستان کیلئے قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ پولیو ورکرز کو نشانہ بنانا انسانیت اور قومی مفاد کے خلاف ہے۔فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ مغوی پولیو ورکرز کی بحفاظت بازیابی کیلئے فوری اور موثر اقدامات اٹھائے جائیں