کیوٹو یونیورسٹی کی سفارش پر مرزا آصف بیگ کو جاپان کا اعلیٰ قومی اعزاز نامزد

کیوٹو یونیورسٹی کی سفارش پر مرزا آصف بیگ کو جاپان کا اعلیٰ قومی اعزاز نامزد

کیوٹو یونیورسٹی نے پاکستانی نژاد معروف بزنس لیڈر اور ٹیکنالوجی ماہر مرزا آصف بیگ کو جاپان کے اعلیٰ قومی اعزاز ’آرڈر آف دی سیکرڈ ٹریژر‘ کے لیے نامزد کرنے کی سفارش حکومتِ جاپان کے کابینہ دفتر کو ارسال کر دی ہے۔

یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ سفارش میں بتایا گیا ہے کہ مرزا آصف بیگ نے جاپان اور پاکستان کے درمیان تعلیمی، تکنیکی، اور اقتصادی تعاون کو نئی سطح پر لے جانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے Innov8 Japan اور Otoz.ai کے سی ای او کے طور پر کام کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالیٹکس کے ذریعے آٹو موبائل بزنس میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ دیا ہے، جس سے جاپان اور پاکستان کے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔کیوٹو یونیورسٹی نے اس اہم کامیابی کو تاریخی قرار دیا ہے، کیونکہ پہلی بار کسی غیر ملکی بزنس ماڈل کو یونیورسٹی کے نصاب میں بطور کیس اسٹڈی شامل کیا گیا ہے، جو مرزا آصف بیگ کی عالمی سطح پر جدت اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کا اعتراف ہے۔

یونیورسٹی کے پروفیسروں کا کہنا ہے کہ مرزا آصف بیگ جاپان میں ٹیکنالوجی اور بزنس انوویشن کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے کے علاوہ، جاپانی اقدار جیسے ایمانداری، سادگی، اور شفافیت کو عالمی سطح پر متعارف کروانے میں بھی اہم شخصیت ہیں۔کیوٹو یونیورسٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ مرزا آصف بیگ جاپان کی بین الاقوامی ساکھ، تعلیمی ترقی، اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ایک مثبت مثال بن چکے ہیں، اور اسی وجہ سے وہ اس اعلیٰ قومی اعزاز کے مستحق ہیں۔