کوئٹہ بلدیاتی انتخابات کے التوا کی حکومتی درخواست مسترد

کوئٹہ (خصوصی رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ضلع کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے التوا کی بلوچستان حکومت کی درخواست مسترد کر دی ، شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق معاملے پر غور کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔ مزید برآں، الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ انتخابی عمل شفاف، منصفانہ اور پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔ ای سی پی نے کوئٹہ میں مقامی حکومتوں کے الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پولنگ 28 دسمبر کو ہو گی ، شہری یونین کونسل کی جنرل نشستوں پر الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی 13 سے 17 نومبر تک جمع کرائے جا سکیں گے۔