سموگ :گرڈ سٹیشنز کی ٹرپنگ کا خدشہ

 ٹرانسمیشن لائنوں کی صفائی ، سسٹم میں بہتری کیلئے272نئے ٹرانسفارمرنصب ،تمام مواد کو جدید مشینری سے دھویا جا رہا 
لاہور(خصوصی رپورٹ )سموگ اور فوگ سے گرڈ سٹیشنز پر لگے برقی آلات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔لیسکو حکام کے مطابق سموگ اور فوگ سے بجلی کے ترسیلی نظام کے بچا ؤکیلئے لیسکو کے اقدامات جاری ہیں، بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائنوں کی صفائی کا کام کیا جا رہا ہے جو 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔گرڈ سٹیشنز کے پورسلین سے بنے تمام مواد کو جدید مشینری سے دھویا جا رہا ہے، خراب ڈسک انسولیٹرز سمیت دیگر پارٹس کو تبدیل کیا جائے گا۔لیسکو حکام کے مطابق سموگ اور فوگ کے باعث ہائی ٹرانسمیشن لائنیں اور گرڈ سٹیشنز پر لگے آلات متاثر ہوتے ہیں، گرد اور نمی کی آمیزش سے ٹرپنگ کا خدشہ ہوتا ہے۔علاوہ ازیں لیسکو میں سسٹم کی بہتری اور اپ گریڈیشن کے لئے بھی کام جاری رہا، 272نئے ٹرانسفارمر اوور لوڈ ٹرانسفارمرزکے ساتھ لگا دئیے گئے۔ ناردرن سرکل 8،سنٹرل 44، ایسٹرن 123، اوکاڑہ 53، ساؤتھ 1، شیخوپورہ 25 اور ننکانہ سرکل کو 18نئے ٹرانسفارمر دئیے گئے۔