پنجاب حکومت پی آئی اے خریدنے یا نئی ایئر لائن بنانے پر غور کررہی :نوازشریف

لندن، نیویارک(خصوصی رپورٹ)مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا پنجاب حکومت پی آئی اے خریدنے یا نئی ایئرلائن بنانے پر غور کر رہی ہے،خان صاحب ملکی ترقی کا ایک منصوبہ بتادیں جو انہوں نے شروع کیا ہو،ان لوگوں نے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کرلیے ،بڑے صبر سے کام کیا،مجھے زیادہ نہ چھیڑیں،بیٹھے ہیں ہم تہیہ طوفان کیے ہوئے۔لندن میں صحافیوں سے گفتگو میں نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب سے بات چیت کا احوال بیان کرتے ہوئے کہا مریم نواز کی خواہش ہے کہ پی آئی اے کو خرید کر ایئرپنجاب کے نام سے چلائیں تاہم میں نے ان کو مشورہ دیا ہے کہ آپ نئی ایئرلائن بھی چلا سکتی ہیں،پی آئی اے کی تباہی پر بہت دکھ ہوتا ہے، میں خود پرواز بدل کر امریکا پہنچا ہوں، پی آئی اے کی خریداری یا نئی ایئرلائن کے حوالے سے مریم نواز غور و خوض کررہی ہیں۔خیال رہے قبل ازیں خیبر پختونخوا حکومت نے پی آئی اے خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا، خیبر پختونخوا بورڈ اف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نے وفاقی وزیر نجکاری علیم خان کو اس سلسلے میں خط بھی لکھا تھا۔ نیو یارک میں ن لیگ کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا خان صاحب ملکی ترقی کا ایک منصوبہ بتادیں جو انہوں نے شروع کیا،ان لوگوں نے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کرلیا پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کے لئے 40سے 50ارب روپے دیاگیا، آپ لوگوں نے خیبرپختونخوا میں پبلک ویلفیئر کے لئے کیا کیا ہے، کے پی کے میں ان لوگوں کی حکومت کا گیارہواں یابارہواں سال چل رہاہے، خیبرپختونخوا کے عوام ان لوگوں سے نہیں پوچھتے کہ آپ ملک کو تو چھوڑیں آپ نے ہمارے صوبے کے لئے کیاکیاہے۔ کام کرنا اوربات اور صرف باتیں کرنا اوربات ہے ، ان لوگوں نے صرف لوگوں کے اخلاق کو بگاڑا ہے اور لوگوں کو بدتمیزی کاکلچر سکھایاہے، جب میری حکومت تھی اس وقت صرف 104روپے کاڈالر تھااورانٹرسٹ ریٹ سواپانچ فیصدتھا، ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلندسطح پر تھے ، آئی ایم ایف کو ہم نے خداحافظ کہہ دیاتھا، اوریہ لوگ اسے واپس لیکر آگئے،ہم ترقی کی شرح کو 5.8کے ریٹ پر لیکر گئے تھے اورہمارا پروگرام اسے 7فیصد پر لیکرجاناتھا، لیکن ہمارا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا، یہ لوگ ڈالر کو اوپر لے گئے اورانٹرسٹ ریٹ کو 22سے 23فیصد پر لیکر گئے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بالکل زمین پر آگئے ، ان لوگوں نے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کرلیا، ان لوگوں نے پاکستان کے اندر ترقی کاکوئی منصوبہ نہیں لگایا۔ مجھے آج خان صاحب ایک منصوبہ بتادیں کہ انہوں نے یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی کے لئے شروع کیاہو، پاکستان میں سب سے پہلے موٹروے کی بنیاد مسلم لیگ ن اورنوازشریف نے رکھی، سب سے آخری موٹروے بھی مسلم لیگ ن اورنوازشریف نے بنائی ہے ، آپ کو پتا ہوگا اب موٹروے پاکستان میں موجود ہے جو پشاور سے شروع ہوتی ہے ، اسلام آباد آتی ہے اوریہاں سے لاہور جاتی ہے، لاہو ر سے ملتان جاتی ہے اورملتان سے رحیم یارخان اورپھر سکھر جاتی ہے، سکھر حیدرآباد جورہ گیاتھا خدا کے بندوں وہی بنادیتے وہ بھی نہیں بنی۔ میں نے شہبازشریف صاحب کو بولاہے کہ اسے نئی موٹروے پرمنتقل کریں ، ہم نے بلوچستان میں سڑکوں اورہائی ویز کاجال بچھایاہے ، کام ان کاتھااورہزاروہ موٹروے بھی ہم نے بنائی جوپنجاب میں نہیں ہے کے پی میں ہے ، ہم نے عطاآباد جھیل کے اندر ایک لمبی ٹنل بنائی۔مزید برآں نواز شریف نے نیو یارک میں جہاں مختلف ملاقاتیں کی ہیں وہیں ایک اجلاس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ،مسلم لیگ ن کے صدر کو ویڈیو میں اجلاس میں شریک لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے شاعرانہ انداز اپنایا اور اپنی بات کے آغاز پر کہا کہ بیٹھے ہیں ہم تہیہ طوفان کیے ہوئے، اس کے علاوہ ویڈیو میں نواز شریف اجلاس کے شرکا سے کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ اسی لیے کہتا ہوں مجھے زیادہ نہ چھیڑیں، اس سارے عرصے کے دوران ہمارے اوپر بہت کچھ گزرا ہے، بڑے صبر سے ہم نے کام لیا ہے۔