پختونخوا :2 ماہ کے دوران دہشت گرد حملوں میں 92 افراد شہید ہوگئے

شہداء میں پولیس،سکیورٹی فورسز اہلکار اور شہری شامل ،سب سے زیادہ 13جوان بنوں میںشہید ہوئے ،رپورٹ 
 پشاور(آئی این پی )خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے حملے میں دو ماہ کے دوران 92 افراد شہید ہوگئے، شہداء میں پولیس،سکیورٹی فورسز اہلکار اور شہری شامل ہیں۔پولیس کی جانب سے فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کے حوالے سے رواں سال یکم ستمبر تا30 اکتوبر کی دو ماہ کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے ۔ جس کے مطابق کالعدم تنظیموں کے حملوں میں پولیس ،عام شہری، اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔ان حملوں میں پولیس کے 31جوان وافسران شہید اور 48زخمی ہوئے ،ایف سی کے 30جوان شہید اور 27زخمی ہوئے جبکہ سکیورٹی فورسز کے 16افسران و جوان شہید اور 54زخمی ہوئے ۔ فتنہ الخوارج کے حملوں میں 12 شہری شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 13 جوان بنوں میں شہید ہوئے، شمالی وزیر ستان میں 12،لکی مروت اور کرک میں 9 ، 9،خیبر میں ا8 ، اور ٹانک میں 5 اہلکارشہید ہوئے،باجوڑ میں 3 ،سوات اور کرم میں ایک ایک اہلکار شہید ہوا۔