ناممکن فوجی آپریشن‘یا خراب معاہدہ؟امریکہ کوفیصلہ کرنا ہوگا:پاسداران انقلاب

امریکہ کے لئے فیصلہ سازی کے آپشنز محدود ہو گئے ہیں‘ایران کے حوالے سے مشکل انتخاب کا سامنا ہے
تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی انقلابی گارڈ کور کے انٹیلی جنس ونگ نے دعویٰ کیا ہے  امریکہ کے لئے فیصلہ سازی کے آپشنز محدود ہو گئے ہیں اور اسے اب ایران کے حوالے سے مشکل انتخاب کا سامنا ہے۔ایرانی ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اب دو راستوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا: یا تو ایک ’ناممکن فوجی آپریشن‘ یا پھر ایران کے ساتھ ایک ’خراب معاہدہ‘۔ یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تہران نے امریکا کو اپنے بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنے کے لیے ایک ڈیڈ لائن بھی دی ہے، تاہم اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ ایرانی حکام کے مطابق اگر یہ ناکہ بندی جاری رہی تو صورتحال مزید کشیدہ ہو سکتی ہے۔پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلی جنس یونٹ کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر بھی امریکا کے خلاف لہجے میں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے، اور چین، روس اور یورپ کی جانب سے واشنگٹن کے مؤقف پر تنقید بڑھ رہی ہے۔