ملک میں عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کی خریداری میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے ساتھ ساتھ متعلقہ جرائم بھی بڑھ رہے ہیں۔
لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران جعلی نوٹوں سے قربانی کے جانور خریدنے والے ایک نیٹ ورک کا سرغنہ گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق، ملزم عید قرباں کے موقع پر معصوم بیوپاریوں سے نوسر بازی کر رہا تھا اور بکرے خریدتے وقت جعلی نوٹ استعمال کر رہا تھا۔ ایس پی سٹی کے مطابق، تھانہ شاہدرہ اور شاہدرہ ٹاؤن میں درخواستیں موصول ہونے کے بعد مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، اور ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی اے ایس پی کر رہے ہیں۔ ٹیم نے 12 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ملزم نے شاہدرہ اور شاہدرہ ٹاؤن کے علاقوں میں بیوپاریوں سے بکرے خریدے اور انہیں جعلی نوٹ دے کر رفو چکر ہو گیا۔ پ
ولیس کے مطابق، ملزم رقم کی ادائیگی کے وقت جلد بازی کرتا اور جعلی نوٹوں کو فوری طور پر بیوپاریوں کی جیب میں ڈال دیتا تھا۔ بعد ازاں، جب بیوپاری مارکیٹ جاتے تو انہیں جعلی نوٹوں کا پتا چلتا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم اسد کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور کیمروں سے مدد لی گئی۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزم نیٹ ورک کے ذریعے پشاور سے جعلی نوٹ منگواتا تھا، جسے گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹیگیشن و ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اور اس کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عید الاضحیٰ کے دوران جرائم کو روکا جا سکے۔