پاکستان اور جاپان کے تعلقات کی اہمیت پر چیئرمین سینیٹ کا اظہار خیال

پاکستان اور جاپان کے تعلقات کی اہمیت پر چیئرمین سینیٹ کا اظہار خیال

چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں جاپان کے سفیر اکامٹسو سوئچی سے ملاقات کی۔

اس دوران انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دو طرفہ تعلقات پر بات کی اور کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، خاص طور پر قدرتی آفات اور سیلاب کے دوران جاپان کی مدد کا پاکستان شکر گزار ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے جاپان کی تعلیم، فلاحی کاموں اور دیگر شعبوں میں حمایت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات 1952 میں قائم ہوئے اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے مزید تعاون کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینٹ نے دو طرفہ تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر روابط اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو تیز کیا جانا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں۔ انہوں نے جاپان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر بھی بات کی، خاص طور پر تعلیم، ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں۔

انہوں نے جنوبی پنجاب میں پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرام ترتیب دینے کی تجویز بھی دی، تاکہ پاکستان جاپان سے افرادی قوت کی کمی کو پورا کر سکے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے جاپان کے سفیر کو ملتان کے چیمبر آف کامرس انڈسٹری کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور تجارت کے شعبے میں معاونت کے وسیع مواقع پر بات کی۔سید یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی جاپان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان جاپان میں ہونے والی اوساکا ایکسپو میں شرکت کرے گا۔