امریکہ میں ہر بچے کے لئے ایک ہزار ڈالر،نیا پروگرام متعارف

واشنگٹن (آئی این پی ) امریکا میں امیر اور  کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو مالی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے   فرق کو کم کرنیکیلئے  حکومت نے ایک نیا پروگرام متعارف کرایا ہے جو ہر بچے کو 18 سال کی عمر پر ایک مالی بنیاد فراہم کرے گا، تاکہ ہر بچے کو، اس کے خاندانی حالات سے قطع نظر، مستقبل میں سرمایہ کاری اور دولت بنانے کے مواقع میسر آئیں۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق  اس خیال کو بنیاد بنا کر ایک نیا مالیاتی منصوبہ ٹرمپ اکائو نٹس کے نام سے متعارف کیا گیا ہے، جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیکس قانون سازی کا حصہ بتایا جارہا ہے۔ اس قانون کے تحت ہر وہ نومولود بچہ جس کے والدین یہ اکائو نٹ کھولیں گے، حکومت کی طرف سے ایک ہزار ڈالر حاصل کرے گا۔ یہ رقم نجی ادارے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے طور پر لگائیں گے، اور بچہ 18 سال کا ہونے پر اسے مخصوص مقاصد کے لیے استعمال کرسکے گا۔نئے پروگرام کے تحت ایک ہزار ڈالر کا بونس صرف ان بچوں کو ملے گا جو ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں، یعنی مقررہ کیلنڈر مدت میں پیدا ہوں گے۔ٹرمپ اکائو نٹس دراصل بچوں کے لیے تیار کیا گیا ایک نیا سیونگز پلان ہے، جس میں جمع شدہ رقم سے سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ہر بچہ یہ رقم 18 سال کی عمر تک نہیں نکال سکتا اور بعد میں بھی اسے صرف تعلیم، کاروبار شروع کرنے یا گھر کی ڈان پے منٹ جیسے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے