بلوچستان:سرکاری گاڑیاں سابق وزراء، مشیر و بااثر افراد کے زیراستعمال ہونے کا انکشاف

 38گاڑیاں پچھلے 9ماہ سے سابق نگران وزراء اور مشیروں کے قبضے میں ، پانچ گاڑیاں بااثر افراد کے پاس ، جو واپس نہ ہوسکیں،نجی ٹی وی کی رپورٹ
کوئٹہ(آئی این پی ) بلوچستان کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی 38گاڑیاں سابق نگران وزراء اور مشیروں جبکہ 5گاڑیاں بااثر افراد کے پاس ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔صوبائی حکومت کئی ماہ گزرنے کے باوجود یہ گاڑیاں واپس نہیں لے سکی۔نجی ٹی وی کی دستاویزات کے حوالے سے رپورٹ کے  مطابق محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے پاس مجموی طور پر 527گاڑیاں ہیں، ان میں سے 502فعال اور 25غیر فعال ہیں۔دستاویزات کے مطابق 38گاڑیاں پچھلے 9ماہ سے سابق نگران وزراء اور مشیروں کے قبضے میں ہیں جب کہ پانچ گاڑیاں بااثر افراد کے پاس ہیں جو واپس نہ ہوسکیں۔دستاویزات کے مطابق 44گاڑیاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور 47گاڑیاں بلوچستان ہائوسز اسلام آباد اور کراچی کے زیر استعمال ہیں جب کہ محکمے کی 166گاڑیاں دیگر محکموں، 44کمشنر ز اور ڈی سیز کے پاس ہیں۔دستاویزات کے مطابق محکمے کی 250گاڑیوں پر سالانہ 18کروڑ روپے کا فیول اور مرمت پر سالانہ 7کروڑ روپے کے ا خراجات آتے ہیں۔