قومی اسمبلی کا اجلاس آج، پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج پر سیکیورٹی سخت

قومی اسمبلی کا اجلاس آج، پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج پر سیکیورٹی سخت

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے احتجاج متوقع ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے اور اس کے اطراف میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر اور باہر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس، رینجرز اور سیکیورٹی اہلکار الرٹ رہیں گے۔

مزید برآں، صحافیوں کے لیے صرف پریس گیلری کے مستقل کارڈز ہی قابلِ قبول ہوں گے، جب کہ عارضی طور پر جاری کیے گئے کارڈز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ اسی طرح اراکین اسمبلی کے مہمانوں کے جاری پاسز بھی غیر مؤثر کر دیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے اجلاس کے دوران مہنگائی، سیاسی گرفتاریاں اور دیگر حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کا عندیہ دے رکھا ہے، جس کے پیشِ نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔