بانی پی ٹی آئی کو دو سال قبل پانچ اگست کو گرفتار کیا گیا تھا، اسی دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جائے گا‘ بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کو ضمانت پر رہاکیا جائے
عدالتیں آزاد نہیں بلکہ حکومت کے دباؤ میں کام کر رہی ہیں، ہم کسی قسم کے ریاستی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے:رہنما تحریک انصاف کا بیان
صوابی(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں) رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے پی ٹی آئی منگل سے ملک گیر پرامن اور آئینی تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔صوابی سے جاری اپنے ایک بیان میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ یہ تحریک پر امن اور قانون و آئین میں دائرے میں رہ کر چلائی جائے گی، بانی پی ٹی آئی کو دو سال قبل پانچ اگست کے روز گرفتار کیا گیا تھا، اسی دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ضمانت پر رہائی دی جائے، یہ اْن کا قانونی و آئینی حق ہے، عدالتیں آزاد نہیں بلکہ حکومت کے دباؤ میں کام کر رہی ہیں، ہم کسی قسم کے ریاستی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسی کسی کارروائی کی اجازت نہ دیں، بانی پی ٹی آئی کو انصاف دیا جائے اور تمام زیرِ التوا مقدمات کا جلد فیصلہ کیا جائے۔ پانچ تاریخ کو پاکستان کے پرچم سمیت سفید پرچم و پارٹی پرچم لائیں گے ، ہم پر امن ہیں اور اگر کسی نے شرارت کی تو کارکن جواب دیں گے۔