اورنج ٹرین :کرایہ ، شیڈول برقرار، مسافروں کی تعداد میں کمی

 فروری میں 64 لاکھ 79مسافروں کا سفر ،مارچ میں تعدد 59 لاکھ ہوگئی 
لاہور (خصوصی رپورٹ)پٹرول بحران اور مہنگے نرخوں کے باوجود لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کم، اورنج لائن ٹرین کا کرایہ اور شیڈول برقرار رہنے کے باوجود مسافروں کی تعداد  میں نمایاں کمی، شہریوں کے رویے پر سوالات اٹھنے لگے۔لاہور میں حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کی ہدایات کے باوجود صورتحال اس کے برعکس نظر آ رہی ہے۔ علی ٹا ئون سے ڈیرہ گجراں تک چلنے والی اورنج لائن ٹرین میں فروری کے مقابلے میں مارچ کے دوران مسافروں کی تعداد میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔ فروری 2026 میں 63 لاکھ 79 ہزار 867 مسافروں نے سفر کیا، جبکہ مارچ میں یہ تعداد کم ہو کر 58 لاکھ 73 ہزار 428 رہ گئی، یعنی 5 لاکھ سے زائد مسافروں کی کمی سامنے آئی۔دلچسپ امر یہ ہے کہ ٹرین کا کرایہ اور شیڈول جوں کا توں برقرار رکھا گیا، اس کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد نے پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح نہیں دی۔ ماہرین کے مطابق مہنگے پٹرول کے باوجود نجی گاڑیوں کا استعمال جاری رہنا شہریوں کے غیر سنجیدہ رویے کی عکاسی کرتا ہے اور اگر یہی رجحان برقرار رہا تو توانائی بچت کی حکومتی پالیسیاں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکیں گی۔