لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی آر کی ری اسٹرکچرنگ اور ہیڈکوارٹرز کے لیے نئی عمارت کی تعمیر کی منظوری دے دی۔اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر کی کارکردگی اور کمیونیکیشن کے شعبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈی جی پی آر کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر بھی زور دیا۔مریم نواز نے کہا کہ بروقت اور مؤثر اطلاعات کی فراہمی کے لیے دورِ حاضر کے تقاضوں کو سمجھنا ضروری ہے۔ کمیونیکیشن اب صرف آرٹ نہیں بلکہ سائنس بن چکی ہے، اسی لیے ڈی جی پی آر کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم اطلاعات کی فراوانی کے دور سے گزر رہے ہیں، ایسے میں سچ اور جھوٹ میں فرق کرنے کے لیے عوام کو حکومت کے فلاحی اقدامات سے مسلسل آگاہ رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری نے کمیونیکیشن کے شعبے میں قابلِ تقلید مثال قائم کی ہے۔