ٹرمپ: امریکی فورسز نے وینیزویلا کی کشتی پر کارروائی کی، 11 ہلاک

ٹرمپ: امریکی فورسز نے وینیزویلا کی کشتی پر کارروائی کی، 11 ہلاک

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے منگل کو ایک کشتی پر کارروائی کرتے ہوئے 11 منشیات فروشوں کو ہلاک کر دیا۔

 صدر کے مطابق یہ گروہ وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو کے کنٹرول میں تھا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی جاری کی، جس میں ایک اسپیڈ بوٹ دکھائی دیتی ہے جو چند لمحوں بعد زوردار دھماکے سے تباہ ہو جاتی ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج نے بین الاقوامی پانیوں میں منشیات سے بھری کشتی کو تباہ کیا، جو امریکا کی طرف منشیات منتقل کر رہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کارروائی میں امریکی فورسز کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ٹرمپ نے خبردار کیا کہ یہ پیغام ان تمام کارٹلز اور گروپوں کے لیے ہے جو امریکا میں منشیات لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا اپنی پوری طاقت استعمال کرتے ہوئے منشیات کے نیٹ ورکس کا خاتمہ کرے گا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ یہ کشتی وینیزویلا سے روانہ ہوئی تھی۔

ادھر، وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو نے الزام عائد کیا کہ امریکا کی بحری تعیناتی ان کے ملک کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے اپنی فوج کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا اور کہا کہ وینیزویلا اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔واضح رہے کہ امریکا اور وینیزویلا کے تعلقات حالیہ دنوں میں مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔ امریکا نے مادورو کی گرفتاری پر انعام بڑھا کر 5 کروڑ ڈالر کر دیا ہے، جبکہ کاراکاس نے اقوام متحدہ سے امریکی فوجی تعیناتی ختم کرانے کی اپیل کی ہے۔