لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
لاہور کے متعدد علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی جن میں مغل پورہ، دھرم پورہ، شالیمار لنک روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، شادمان، چائنہ چوک، جی ٹی روڈ، شاد باغ، بھگت پورہ، و سن پورہ اور ناخدا چوک شامل ہیں۔ بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جو حبس میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ بارش کے باعث شہریوں کو گرمی سے تو راحت ملی ہے تاہم ٹریفک جام اور پانی کھڑے ہونے سے مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔