پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر اپنی اسمبلی لگا لی

ارکان قومی اسمبلی کاجنگلات کاٹنے اور دریائو ں پر ہائو سنگ سوسائٹیز بنانے کیخلاف  کارروائی کا مطالبہ
اسلام آباد(آئی این پی)پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ  کرتے ہوئے  پارلیمنٹ کے باہر اپنی اسمبلی لگا لی ،ارکان  اسمبلی  نے جنگلات کاٹنے اور دریائو ں پر ہائو سنگ سوسائٹیز بنانے کے خلاف  کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔منگل کو اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس  شروع ہوا، جس میں وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے ایجنڈا معطل کرنے کی تحریک پیش کی گئی، جسے منظور کرلیا گیا۔اجلاس میں اسد قیصر نے  اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے بہن بھائی مشکل میں ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں۔ آج ہم نے فیصلہ کیا کہ احتجاجا واک آئوٹ کریں گے۔ثمینہ خالد نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کیا احتیاطی تدابیر کی ہیں؟  راوی کے علاقے میں کس طرح ڈیولپمنٹ ہوئی ہے؟۔ مصیبت زدہ لوگ کھانے کو بھی ترس رہے ہیں۔شاہدہ اختر علی نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ نہیں کیا گیا۔ شجرکاری کے منصوبوں پر عمل نہیں کیا گیا۔  بروقت اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے تمام چیزیں ہمارے سامنے آئیں ۔ ۔نور عالم خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان ہاسنگ سوسائٹیوں کو دریاں پر گھر بنانے کی اجازت کس نے دی ؟۔ آپ پہلے اسلام آباد سے کارروائی شروع کریں ۔ خیبر پختونخوا کی پی ڈی ایم اے 12 لوگوں کو نہیں بچا سکی ۔ ان کے پاس رسی تک نہیں تھی۔ سیلاب سندھ میں پہنچے گا تو کیا صورتحال ہوگی ؟۔ اصل قصوروار بیوروکریسی ہے کیونکہ انہوں نے این او سیز دیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کلائمیٹ چینج کا وزیر کہاں پر ہے؟۔ بھارت نے پانی چھوڑ کر آپ سے دشمنی کی ہے ۔ آپ بتائیں وزیر آبی وسائل کہاں ہیں؟۔