لاہور: پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے سابق دوست اور معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کے مشکل وقت میں ان کی حمایت کرتے ہوئے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کردیا اور انہیں ہمت نہ ہارنے کا مشورہ دیا ہے۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکر محمد انصر جٹ المعروف مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب سے قبل پیش آنے والے بھگدڑ کے افسوسناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔واقعے کے بعد مسٹر پتلو نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور معافی مانگی۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے مدد کی اپیل بھی کی، جبکہ اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔اس مشکل صورتحال میں یوٹیوبر رجب بٹ نے ماضی کے اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے مسٹر پتلو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں رجب بٹ کا کہنا تھا کہ اگرچہ اب دونوں کے درمیان بات چیت نہیں ہوتی، تاہم انہوں نے ماضی میں ایک ساتھ اچھا وقت گزارا ہے۔رجب بٹ نے کہا کہ مشکل وقت میں ہی حقیقی دوستوں کی پہچان ہوتی ہے، اس لیے مسٹر پتلو کو ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔ انہوں نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔یوٹیوبر نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ بھی مسٹر پتلو کے لیے دعاگو ہیں اور ان سے بات کرنا چاہتی تھیں۔