عمر شہزاد اور شانزے لودھی کے گھر بیٹے کی آمد، نام بھی سامنے آگیا

عمر شہزاد اور شانزے لودھی کے گھر بیٹے کی آمد، نام بھی سامنے آگیا

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و ماڈل عمر شہزاد اور ان کی اہلیہ شانزے لودھی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، جس کی خوشخبری جوڑے نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔

عمر شہزاد اور شانزے لودھی نے اپنے نومولود بیٹے کا نام ’اسماعیل‘ رکھا ہے۔ جوڑے کی جانب سے شیئر کی گئی خصوصی پوسٹ میں بیٹے کی اچھی صحت، مضبوط ایمان، خوشیوں بھری زندگی اور نیک انسان بننے کے لیے دعا بھی کی گئی۔اس خوشی کے موقع پر شانزے لودھی نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا، جس میں انہوں نے زچگی کے مشکل تجربے اور شوہر کی جانب سے ملنے والے تعاون کے بارے میں بتایا۔شانزے لودھی کے مطابق انہیں زچگی کے دوران تقریباً 24 گھنٹے تک تکلیف برداشت کرنا پڑی، تاہم اس مشکل وقت میں ان کے شوہر عمر شہزاد ہر لمحہ ان کے ساتھ موجود رہے اور انہیں حوصلہ دیتے رہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سفر جسمانی اور جذباتی طور پر انتہائی مشکل تھا، لیکن جب انہوں نے پہلی مرتبہ اپنے بیٹے کو گود میں لیا تو تمام تکلیف اور مشکلات بھول گئیں۔ ان کے لیے بچے کی آمد زندگی کا ایک ناقابلِ فراموش لمحہ بن گئی۔جوڑے کی جانب سے خوشخبری شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی طرف سے مبارک باد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔